سرینگر(این این آئی)بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ماس موومنٹ کی سرپرست فرید بہن جی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت اپنے کشمیر دشمن اقدامات میں دن بہ دن تیزی لارہی اور وہ علاقے کے مسلم تشخص پر ایک منصوبہ بند طریقے سے حملہ آور ہے ۔ فریدہ بہن جی نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیر میں مظالم کی دل دہلا دینے والی داستانیں رقم کر رہا ہے ۔قابض انتظامیہ نے جموں خطے کے بہت سے علاقوں میں کشمیریوں سے انکی زمینیں چھین لی ہیں ۔ دفعہ 370 اور 35A کے خاتمے کے بعد کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے گئے ہیں اور ن سے نوکریاں چھینی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مودی کے جارحانہ منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔