واشنگٹن(اے ایف پی،نیٹ نیوز،این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر مشروط پابندی کا اعلان کردیا کیونکہ امریکی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ سروس چینی خفیہ اداروں کا ہتھیار ثابت ہوسکتی ہے ۔امریکی عہدیداروں اور قانون سازوں نے انتہائی مشہور ویڈیو پلیٹ فارم کو حالیہ ہفتوں میں چین کی جانب سے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کئے جانے پر خدشے کا اظہار کیا لیکن کمپنی نے چینی حکومت سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے ۔ایئر فورس ون میں میڈیا سے گفتگواور ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا اگر 15 ستمبر تک ٹک ٹاک کو مائیکرو سوفٹ یا کسی اور امریکی فرم کو فروخت نہ کیا گیا تو اس پر پابندی لگا دی جائے گی۔ایمرجنسی معاشی طاقت یا ایگزیکٹو آرڈر کا استعمال کرتے ہوئے جلد ہی کارروائی کریں گے ۔انہوں نے کہا نیو یارک اور دیگر چند مقامات کے سوا ہم نے کورونا سے نمٹنے کے بہتر اقدامات کئے ،بہت سے ممالک میں کورونا وبا کی دوسری لہر آئی ہے ،جھوٹی خبر لوگوں کی دشمن اور ہر وقت امریکا اور مجھے برا ثابت کرنے میں مصروف ہے ،بڑے پیمانے پر ٹیسٹوں کی وجہ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ،سکول کھلنے چاہئیں۔