لاہور، پشاور، ساہیوال (کامرس رپورٹر،92 نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے سیکرٹری خوراک پنجاب کی جانب سے مذاکرت کو مسترد کرتے ہوئے آج سے محکمہ خوراک پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلور ملوں پر چھاپوں کے خلاف غیر معینہ مدت کیلئے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔یہ اعلان پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا احمد نے چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب عبد الرؤف مختار کے ہمراہ ایسوسی ایشن کے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔مرکزی چیئر مین عاصم رضا احمد نے کہا کہ ہم تو مذاکرات کیلئے سیکرٹری فوڈ کے دفتر پہنچ گئے تھے لیکن ملتان میں فلور ملز کو سیل کرنے کی اطلاعات پر ملاقات مسترد کردی۔اس لئے آج سے پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان کی فلور ملیں بند کر دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ فلور ملز کی گاڑیوں کو جبراً رکوا کر حکومت نے گندم اپنے سینٹرز پر اتار لی ہے ۔ آنے والے دنوں میں آٹے کی کمی کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور حکومت پر ہو گی۔، میڈیا پر شریف مل مالکان کو ذخیرہ اندوز ظاہر کیا جا رہا ہے اس مہم کو بند کیا جائے ،مرکزی چیئرمین عاصم رضا احمد نے کہا کہ اب بات چیت صرف وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر خوراک کے ساتھ ہی ممکن ہے ۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین حاجی اقبال خان اور گروپ لیڈر محمد نعیم بٹ نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے اپیل کی ہے کہ پنجاب سے گندم کی ترسیل پر پابندی فوری طور پر ختم کی جائے ۔ ساہیوال میں فلور ملز ایسوسی ایشن نے ڈپٹی کمشنر سے مذاکرات سے انکار کر دیا ہے ۔ ڈویژنل صدر فلور ملز ایسوسی ایشن ساہیوال سجاد شیخ کاکہناہے کہ حکومت فلور ملز پر چھاپے ماررہی ہے جبکہ بااثر افراد کے پاس اب بھی مبینہ طورپر ہزاروں بوری گندم کا ذخیرہ موجود ہے ۔