لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد ،سرگودھا (مانیٹرنگ ڈیسک، کرائم رپورٹر، خصوصی رپورٹر ،سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،نیٹ نیوز، نمائندگان 92 نیوز ) صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ، زلزلے کی شدت6.4 ریکارڈ کی گئی،لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ امدادی اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ۔ بھارت، افغانستان ، نیپال، چین اور تاجکستان میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور، پشاور ، مردان، شمالی وزیرستان، سوات، باجوڑ،جہلم ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، چکوال ، شیخوپورہ، سرگودھا، مری ،گلیات، ہری پور، ننکانہ صاحب،جلال پور بھٹیاں،گوجرانوالہ ،بہاولنگر ، میانوالی،نارووال،سرائے عالمگیر، گجرات، پتوکی،ساہیوال،وہاڑی،بوریوالہ،چیچہ وطنی،خیبر پختونخوامیں بھی زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کیے گئے ، پشاور،ایبٹ آباد،مانسہرہ،بٹگرام،ملاکنڈ، سوات،دیر،میرانشاہ،بنوں،سکردو،شانگلہ ،بونیر،صوابی،لکی مروت ،ہنگو، مظفر آباد، میرپور آزادکشمیر و دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔سرگودھا میں متعدد عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔رات کو 10 بج کر 2 منٹ پر آنے والے شدید زلزلے کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ زلزلے کے جھٹکوں کاسلسلہ ایک منٹ سے زیادہ جاری رہا۔ فی الحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 اورگہرائی 80 کلومیٹرتھی،زلزلے کامرکزتاجکستان کا علاقہ تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مردان میں خوف کے مارے دو خواتین بے ہوش ہو گئیں۔مظفر آباد، میرپور، بھمبر سمیت آزاد کشمیر بھی جھٹکوں سے مسلسل لرز اٹھا۔باغ میں کئی گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ کئی افراد نے لرزتی عماتوں سے چھلانگیں لگا دیں جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے ۔ گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں بھی زلزلہ آیا۔ افغانستان میں زلزلے کی شدت 6.3محسوس کی گئی، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔این ڈی ایم اے نے بھی ایمرجنسی سروسز کوہائی الرٹ کردیا،این ڈی ایم اے کے مطابق صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ریسکیو پنجاب نے ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کردیا ۔ترجمان ریسکیو 1122 فاروق احمد کے مطابق پراونشل مانیٹرنگ سیل پنجاب بھر کے ایمرجنسی کنٹرول رومز سے رابطہ میں ہے ۔ زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کا بھی امکان ہے ، ڈائریکٹرمیٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اجمل شادنے کہا کہ زلزلوں کی شدت 4سے 4.7ہوسکتی ہے ،بڑازلزلہ آئے تویکے بعددیگرچھوٹے زلزلے آنانارمل ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مانسہرہ میں زلزلے کے باعث دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا ہے ۔ہری پورمیں زلزلے کے وقت بھاگنے والی خاتون گھرکے صحن میں گرکرانتقال کرگئی۔