اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، وقائع نگار خصوصی ) آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈرزکانفرنس میں کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات پرتبادلہ خیال کیاگیا ،آرمی چیف نے دوردراز علاقوں میں امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں کورکمانڈرزنے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی، کانفرنس میں کوروناوائرس کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقداما ت پر تبادلہ خیا ل کیاگیا ۔ آرمی چیف نے کہاکہ بطورقوم پرعزم نوجوانوں کے ساتھ اس چیلنج سے نمٹیں گے ،انشااللہ مشکل کی اس گھڑی سے مزیدمضبوط قوم بن کرنکلیں گے ، وباپرقابوپانے کیلئے ہرشہری کی اپنی اہمیت ہے ،کور کمانڈر ز نے ڈاکٹرز ،پیرامیڈیکل سٹاف،قانون نافذکرنے والے اداروں کوخراج تحسین پیش کیاگیا جبکہ کانفرنس میں جیو سٹریٹجک صورتحال،قومی سکیورٹی پربھی غورکیاگیا،آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں کوروناکی وباسے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کے امورپربھی غورکیاگیا،کانفرنس میں کوروناسے نمٹنے کیلئے قومی کوششوں کومربوط کرنے پربھی تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر طبی سامان کی ایمرجنسی سپلائی کوئٹہ کے لیے بھجوا دی گئی جو بلوچستان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مددگار ثابت ہوں گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ فرنٹ لائن سپاہی ہیں، کورونا سے نمٹنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک اور وہاں کی حکومتوں کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم حکومت ضروری وسائل اور آلات کے حصول کے لیے کوشاں ہے جب کہ مشکل حالات میں ہم سب کو صبر اور ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے ۔