لاہور(سٹاف رپورٹر)محکمہ آبپاشی پنجاب میں غیر قانونی طورپر تعینات بااثر خاتون سیکشن آفیسر (اے اینڈ بی ) نے اصل تعیناتی کے متعلق سیکرٹری محکمہ آبپاشی کے احکامات ماننے سے انکار کردیا جس کے باعث محکمہ آبپاشی نے قواعدوضوابط کی خلاف ورزی اور بے ضابطگیوں پر محکمانہ کارروائی شروع کردی ہے ،پیڈا ایکٹ 2006ء کے سیکشن 3اور سیکشن 7کے تحت شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا جبکہ گاڑی بھی واپس نہ کرنے پرتھانہ پرانی انارکلی میں مقدمہ درج کرادیا ۔ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کھال پنچایت اتھارٹی میں ایک خاتون فیلڈ آفیسر تعینات تھی جس کو فیلڈ میں کام کرنے کے بجائے سیکشن آفیسر (اے اینڈ بی ) لگا دیا گیا جو کہ قواعد و ضوابط کے برعکس اقدام ہے ۔دریں اثنا پنجاب اریگیشن ڈرینج اتھارٹی کو ختم کرکے پنجا ب کھال پنچایت اتھارٹی بنائی گئی تومحکمہ آبپاشی حکام نے مذکو رہ خاتون آفیسر کو حکم دیا کہ وہ اپنے اصل محکمے پنجاب کھال پنچایت اتھارٹی میں جاکر کام کریں۔ لیکن خاتون افسر نے سیکرٹری آبپاشی کا حکم ماننے سے انکار کردیا اور سیکشن آفیسر (اے اینڈ بی )کی حیثیت سے ہی کام کرنے پر بضد رہیں۔ جس پر محکمہ آبپاشی حکام نے خاتون آفیسر سے جواب طلبی کرلی ۔مزیدبراں محکمہ آبپاشی حکام نے تھانہ پرانی انارکلی پولیس کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ گاڑی نمبر LEG 331مذکورہ آفیسر سے برآمد کی جائے اور ان کیخلاف کارروائی کی جائے ۔اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے خاتون افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے جمعہ کے روز موقف دینے کیلئے کہا لیکن بعد میں فون نہیں سنا۔