اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک؍ نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے جلسوں کے تسلسل پراصرار کے ذریعے عوام اورانکی معاش جان بوجھ کرخطرے میں ڈال رہی ہے ، یہ لاکھوں جلسے کرلیں لیکن انہیں کوئی این آر او نہیں ملے گا۔اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا پاکستان میں کورونا کی دوسری لہرکے اعداد و شمارتشویشناک ہیں، گزشتہ 15روز میں وینٹیلیٹرز کے محتاج مریضوں کی تعداد پشاور میں 200، ملتان200، کراچی148، لاہور114 اوراسلام آباد میں 65 فیصد بڑھ گئی ہے ، اسلام آباد اور ملتان کے 70 فیصد وینٹیلیٹرز زیرِاستعمال ہیں۔ انہوں نے کہا فی الوقت پوری دنیادوسری لہرکی زدمیں ہے اوربیشترممالک مکمل طور پربندشیں (لاک ڈائون) عائدکرچکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان میں پی ڈی ایم اپنے جلسوں کے تسلسل پراصرار کے ذریعے عوام اورانکی معاش جان بوجھ کرخطرے میں ڈال رہی ہے کیونکہ اگراسی شرح سے کیسز بڑھتے رہے تو ہم مکمل لاک ڈائون کی جانب بڑھنے پر مجبور ہوں گے اورنتائج کی ذمہ دار پی ڈی ایم ہوگی۔ انہوں نے کہا حزب مخالف این آر او کے حصول کی مایوس کن کوششوں میں نہایت سفاکیت سے عوام کی زندگیاں اور روزگار تباہ کررہی ہے ،میں یہ واضح کر دوں ،یہ لاکھوں جلسے کرلیں، کوئی این آر او نہیں ملے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں قطعاً لاک ڈائون جیسا قدم نہیں اٹھانا چاہتا کیونکہ ہماری معیشت جس میں ٹھوس بحالی کے آثار فی الحال بالکل نمایاں اور واضح ہیں، اسکی زد میں آئے گی، بدقسمتی سے حزب مخالف این آر او جیسے ہدف کے تعاقب میں ہے ،چاہے عوام کی زندگیوں سے لیکر ملکی معیشت تک اسکی جو بھی قیمت ہو۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کے شدید خطرات میں عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا سیاسی سفاکی اور ظلم ہے ، مفاد پرست ٹولہ معمولی سیاسی فائدے کے لئے کارکنان کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا عدالتی احکامات کے بعد جلسوں کا انعقاد قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے ، ملکی اداروں کو بدنام اور معیشت تباہ کرنے والے اب عوام کی صحت اور روزگارکے درپے ہیں۔سینیٹر شبلی فراز نے مزید کہا کہ عوام کی صحت اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ، کرپشن کے کورونا سے عوام حساب لیں گے ، پیمرا کو ایسی غیرقانونی اور عوام کی صحت کے لئے خطرناک سرگرمی نشرکرنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے ۔شبلی فراز نے پی ڈی ایم کے پشاور جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے پی ڈی ایم کے جلسے کا بائیکاٹ کر کے ثابت کیا کہ وہ سیاسی بصیرت رکھنے والے باشعور لوگ ہیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، خیبرپختونخوا عوام نے وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر نہ صرف خود کو کورونا سے محفوظ رکھا بلکہ پی ڈی ایم کے عوام دشمن ایجنڈے کو بھی ناکام بنا دیا، جلسے میں لوگوں کی کم دلچسپی اور شرکت خیبرپختونخوا کے عوام کا اپوزیشن پر عدم اعتماد کا واضح اظہار ہے ۔