ملتان (سپیشل رپورٹر )سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ گندم کا بحران حکومت وقت کا منہ بولتا کرپشن سکینڈل ہے ۔ وفاقی وزرا سرکاری گاڑیوں پرایک دوسرے سے گتھم گتھا اورٹی وی چینلز پردست وگریبان ہیں ۔ موجودہ حکومت کی بدانتظامی و مہنگائی سے ملک میں کسی بھی وقت ہنگامے پھوٹ سکتے ہیں ۔ حکومت سے تمام اتحادی ناراض ہیں ۔ عوام کو اسمبلیوں پر اعتماد نہیں رہا ،اس لئے عمران خان مستعفی ہوکرقوم کوراستہ دیں ۔ ملتان میں اپنی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے بہت بڑے بحرانوں میں گھر چکا ہے ۔ کابینہ بھی بحران میں ہے اور یہ بڑھ رہا ہے ۔وفاقی وزیر علی زیدی ودیگر نے اعتراف کیا کہ پہلے گندم ایکسپورٹ کر کے کرپشن کی گئی اب امپورٹ کر کے کمیشن کھرا کیا جائے گا۔ جاوید ہا شمی نے کہا کہ اب گندم منگوانا کسانوں کے لئے ایک سازش ہے کیونکہ مارچ میں یہ گندم آئے گی تو اس وقت سندھ میں گندم کی فصل آچکی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا ٹائیٹینک ڈوب رہا ہے ۔حکومت کے ڈوبتے جہاز سے شیخ رشید پہلی چھلانگ مارے گا۔ عمران خان کی سوچ کا لیول دیکھ کرہی میں نے ریورس گیئر لگایا تھا۔