ملتان، خانیوال،اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، نامہ نگار،آن لائن)اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کے ذریعے عوام کو تنگ کر رکھا ہے ۔ مسلم لیگ ن نے پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کیا تھا لیکن پی ٹی آئی پھر ملک کو پیچھے لے گئی ہے ۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو دوبارہ خوشحالی کی طرف لے جانے کیلئے مسلم لیگ ن کو دوبارہ اقتدار میں لانا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بریگیڈیئر ریٹائرڈ قیصر علی مہے کا اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں سابق وزیر حاجی عرفان ڈاھا کے چھوٹے بھائی رضوان خان ڈاھا کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور غربت نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے ، آج لوگوں کے پاس دوائی اور بجلی کے بلوں کے پیسے نہیں ہیں۔ لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے صدر عارف علوی کے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنک ربن کی آگہی مہم چلانے سے پہلے صدر عارف علوی کی اپنی آگہی بہت ضروری ہے ،افسوس صدارتی منصب پر ہونے کے باوجود صدر صاحب آگاہ نہیں کہ اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرنے کے آئینی، جمہوری اور پارلیمانی آداب کیا ہیں، اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرنے کے آداب کا احترام کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا صدر کاپارلیمانی عہدوں کے منصب اور احترام سے نابلد ہونا بدقسمتی ہے ۔