فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی،صباح نیوز)آئی ٹی کی دنیامیں پاکستان کانام روشن کرنے والی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم رندھاوا کی آٹھویں برسی منائی گئی ۔ان کے آبائی گاؤں رام دیوالی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں ان کے والد،ا ہل علاقہ،طلبا وطالبات نے شرکت کی ،مقررین نے آئی ٹی شعبہ میں کارہائے نمایاں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا قرآن خوانی کرکے خصوصی دعائیں کی گئیں۔9سال کی عمر میں آئی ٹی کی فیلڈ میں دنیا بھر سے ایوارڈز اور میڈلز حاصل کرکے اپنا اور ملک کا نام روشن کیا ،ارفع کریم فیصل آباد کے ایک گاؤ ں رام دیوالی میں 2 فروری 1995 ء کو پیدا ہوئی۔ارفع کے والدین کا بتانا تھا کہ وہ 3سال کی عمر میں سکول میں جانے لگی تھی۔ اسے پڑھائی کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کے حصول سے بے پناہ لگاؤ تھا اور اسی لگن کی بدولت صرف 9 سال کمسن عمر میں اس نے مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا امتحان پاس کیا۔ارفع کریم نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرکے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ٹیلنٹ عمر کا محتاج نہیں ہوتا اور پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ۔حکومت پاکستان کی جانب سے ارفع کریم کو حسن کارکردگی کا صدارتی ایواڈاورفاطمہ جناح میڈل سے بھی نوازا گیا۔وہ مائیکروسافٹ کارپوریشن کی دعوت پر جولائی 2005 ء میں اپنے والد کے ہمراہ امریکہ گئیں اور دنیا کی کم عمر ترین مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کی سند دی حاصل کی۔اس موقع پر بل گیٹس نے بھی ارفع کریم سے ملاقات کی تھی۔ارفع کریم 14جنوری2012ء کولاہور کے سی ایم ایچ میں خالق حقیقی سے جا ملیں۔