لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،این این آئی ) مذہبی و تاجر تنظیموں نے جمعہ 21مئی کو فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کیخلاف احتجاج کرینگی،تفصیلات کے مطابق مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے جمعہ کو فلسطینیوں اور عالم اسلام کے حق میں پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے ۔ ترجمان وقاص حیدر کے مطابق تمام جماعتوں کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت بھی کی جائے گی۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہا ہے کہ فلسطینیوں پر ظلم قابل مذمت ہے ،ظلم پر مسلم ممالک کی خاموشی فلسطینی مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔ حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ عالم اسلام کو اب ایک ہو کر کفر یہ طاقتوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ ادھر ملک بھر کی تا جر تنظیمیں بھی اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منائیں گی۔محمد کاشف چوہدری صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے کہا ہے کہ تاجر برادری اہل فلسطین کی سیاسی ، سفارتی ، مالی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ مسلم حکمران بے حسی ، نمائشی سرگرمیاں اور بزدلی ترک کر کے اْمت کو اسرائیل ، بھارت اور امریکی سامراج سے نجات دلائیں۔