اسلام آباد (وقائع نگار) حکومت نے مہنگائی میں پِسے عوام پر ایک بار پھر مہنگائی میں اضافے کا بم گرادیا ، بجلی کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ساتھ یوٹیلٹی سٹورزپر کئی اشیا کی قیمتیں بڑھا دی گئیں، وفاقی کابینہ نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جس کے بعد بجلی کی قیمت میں ایک روپے 68 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔ بجلی قیمتوں میں جو ایک روپے 68پیسے اضافہ کیا گیا ہے اس میں1.39روپے یونیفارم ٹیرف اور28پیسے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے ہیں۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق اکتوبر کے مہینے کے بلوں پر ہوگا ۔ یوٹیلٹی سٹورز پر ایک بار پھر مختلف اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا۔ مختلف برانڈز کا گھی 15 سے 49 روپے فی کلو ، مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل 14 سے 110 روپے لٹر تک مہنگے ہوگئے ۔ کپڑے دھونے کے 2 کلو پاؤڈر کی قیمت میں 10 سے 21 روپے ، جوتے چمکانے والی 42 ملی گرام پالش10 روپے ، شیمپو کی 180 ملی لٹر قیمت میں 4 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ ہینڈ واش کی 228 ملی لٹر قیمت میں 9 روپے ، شربت کی 800 ملی لٹر قیمت میں 40 روپے ،اچار کی 300 گرام قیمت 20 سے 44 روپے تک بڑھا دی گئی۔ ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے ۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.20 فیصد کا اضافہ ہوا،مہنگائی کی مجموعی شرح 12.66 فیصد تک پہنچ گئی۔کم آمدنی والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 14.12 فیصد تک پہنچ گئی۔ایک ہفتے میں 22 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،10 اشیاضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 19 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 43 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔برانڈڈگھی کا اڑھائی کلو کا کار ٹن 6 روپے 90 پیسے اور فی کلو 2 روپے 99 پیسے مہنگا ہوا۔لہسن، چاول، مٹن ، آلو، گڑ مہنگی ہونے والی اشیامیں شامل ہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی 6 روپے 72 پیسے سستی ہوئی۔زندہ مرغی فی کلو 4 روپے اور انڈے فی درجن 6 روپے تک سستے ہوئے ۔آٹے کا 20 کلوکا تھیلا 11 روپے سستا ہوا۔دال ماش، دال مونگ، دال مسور سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔