اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کل سے مہنگائی کیخلاف ایکشن پلان پرعملدرآمد کا اعلان کردیا ۔ وزیراعظم نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہاہم پہلے ہی ملک میں ہونے والی مہنگائی کے عوامل کاجائزہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا ملک میں اشیائے خورونوش کی واقعی قلت ہے یا پھر یہ مافیاز کی جانب سے ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کی وجہ سے ہے ۔ ہم اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ملک میں مہنگائی بین الاقوامی منڈی میں دالوں اور پام آئل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے تو نہیں ۔وزیراعظم کا کہنا تھا ہم غذائی اجناس کی قیمتیں کم کرنے کے حوالے سے تمام ریاستی اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے اپنی پالیسی نافذ کریں گے ۔وزیراعظم نے موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیا کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیا ۔ وزیراعظم نے زائدقیمتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے ملک بھر کے بنکوں کے صدر اور سربراہان سے ملاقات کی۔ملاقات میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈاراور گورنر سٹیٹ بنک بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں قرضوں کی بلا تعطل فراہمی اور سکیم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک کی زیر صدارت اعلیٰ سطح سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا نوجوان ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں اور اس اثاثے کو اپنی صلاحیتوں کو استعمال میں لانے کے حوالے سے بنکوں کا تعاون نہایت اہم ہے ۔ملکی معیشت کے فروغ کے حوالے سے تعمیراتی شعبے ، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کا فروغ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں بنکوں کا بھرپور تعاون درکار ہے ۔وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کراچی میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں۔بھارت گزشتہ 3ماہ سے پاکستان میں شیعہ اور سنی عالموں کو قتل کرانے کی کوششوں میں تھا،میری حکومت کوپتہ ہے اورمیڈیاپرمتعددباراس خدشے کااظہارکرچکاہوں،ہم نے گزشتہ چند ماہ کے دوران ایسی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا ، ہمارے انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کے ذمہ داروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔وزیراعظم نے اپیل کی کہ تمام مکاتب فکر کے علما کو چاہیے وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی اس بھارتی سازش کا شکار نہ ہوں۔