ہالہ، لاہور، رحیم یار خان ، پاکپتن، اوکاڑہ، چونیاں (نامہ نگار، کرائم رپورٹر، خصوصی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، تحصیل رپورٹر) سندھ کے ضلع مٹیاری کے علاقہ ہالہ میں کچے کے علاقے میں رشتہ کے تنازع پر خواتین سمیت 7 افراد کو قتل کردیا گیا، ایس ایس پی مٹیاری آصف بگھیو کے مطابق بروہی قبیلے کے افراد نے رند برادری کے ایک مکان میں گھس کے سوتے ہوئے گھرانے پر فائرنگ کی ، 4 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق افراد کے چچا امیر بخش رند کا کہنا ہے 2 سال قبل ان کے بھتیجے مرتضیٰ نے رند برادری کی لڑکی سے محبت کی شادی کی تھی، شادی کے بعد کورٹ نے لڑکی کو شوہر کے ساتھ رہنے کی اجازت دی ، بروہی برادری کے سردار نے جرگہ کرکے اْن کے خاندان پر 10 لاکھ جرمانہ لگایا جو ادا کردیا گیا ، جرمانے کی رقم لینے کے باوجود ملزمان نے فائرنگ کرکے 6 افراد کو ہلاک کردیا۔پسند کی شادی کرنیوالی نسرین کو اس کے قبیلے کو واپس کردیا گیا تھا، تاہم نسرین بھاگ کر رند قبیلے کے نوجوان کے پاس پہنچ گئی تھی، سیکڑوں افراد نے قومی شاہراہ پرلاشیں رکھ کر ٹریفک بند کردی، 5 گھنٹے دھرنے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،نشاندہی پر8 افراد کوگرفتارکرلیا گیا،بھٹ شاہ کے قریب سالارو تھانے کی حدود میں قتل کیا گیا، لاہور میں بند روڈ پر قلعہ لکشمن سنگھ میں معمولی تلخ کلامی پر نوجوان کو چھریوں سے قتل کردیا گیا، مقتول 26 سالہ ارسلان گھر کا واحد کفیل تھا، چھریوں سے زخمی ارسلان کو میو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ رحیم یار خان میں ناجائز تعلقات کے شبہ میں شوہر دودھے خاں چانڈیو نے 45 سالہ بیوی صائمہ کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا، ۔ پاکپتن میں تھانہ ملکہ ہانس کے علاقے نور پور میں نا معلوم افراد نے دودھ فروش شفیق کے سوتیلے بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ اوکاڑہ کے نواح میں دوسرے خاوند نے ناجائز تعلقات کے شبہ میں چھری کے وار کرکے بیوی کو قتل کردیا ۔ تھانہ حویلی لکھا کے رہائشی شیراز احمد نے بیوی کو اس وقت قتل کیا جب وہ لکڑیاں اکٹھا کرنے جارہی تھی۔چونیاں کے نواحی گاؤں دیوسیال کے رہائشی رکشہ ڈرائیور 45 سالہ اﷲ دتہ کو نشہ آور چیز پلا کر تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔