لاہور،کراچی(اپنے نیوزرپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر ) میاں منشا نیب تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 20 اگست کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے ۔ منی لانڈرنگ کیس میں میاں منشا گزشتہ روز مصروفیت کے باعث نیب تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوسکے ۔انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کو عید الضحیٰ کے بعد پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ نیب تحقیقاتی ٹیم نے سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو پنجاب پاور ڈوپلپمنٹ کمپنی اور آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں 20 اگست کو طلب کرلیا ہے ۔ اس سے قبل بھی شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل اور صاف پانی کرپشن کیس میں طلب کیا گیا تھا۔ دوسری جانب گجرات پولیس ڈویلپمنٹ فنڈز کیس میں سابق ڈی پی او رائے اعجاز اور رائے ضمیر کیخلاف تحقیقات میں پانچ پولیس افسران راجہ صداقت، محمد رمضان، حافظ امتیاز،شاہد نواز وڑائچ اور عرفان الحق تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور بیان ریکارڈ کرایا۔ دریں اثناء نیب سندھ نے سابق آئی جی جیل خانہ جات سندھ نصرت منگھن کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے معاملے میں انکوائری شروع کردی ہے اور انہیں ریکارڈ سمیت 27اگست کو طلب کرلیا ہے ۔ نیب ذرائع کے مطابق نصرت منگھن نے کروڑوں روپے کی پراپرٹی اپنے قریبی رشتے داروں اور دوستوں کے نام پر خرید رکھی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نیب نے بورڈ آف ریونیو سے بھی ریکارڈ مانگ لیا ہے ۔