لاہور، اسلام آباد، مری،کوئٹہ ،پشاور ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خبر نگار خصو صی،نمائندہ 92 نیوز ، 92 نیوزرپورٹ) لاہور سمیت ملک بھرمیں بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بادل برس پڑے ، سردی بڑھ گئی،پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، فیصل آباد، ملتان سمیت کئی شہروں میں ہلکی بارش سے سردی بڑھ گئی، لاہورکے مختلف علاقوں میں بونداباندی ہوئی۔شہر اور مضافات میں دھند نے ڈیرہ ڈالے رکھا۔ دھند کی وجہ سے موٹر وے بند اور علامہ اقبال ایئرپورٹ پر مقامی و بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہوگیا ، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے طیاروں کی لینڈنگ ممکن نہ ہو سکی۔ صوبائی دارالحکومت کی گرد آلود فضا دھلتے ہی شہری موسم کا مزا دوبا لا کرنے چھٹی کے روز باہر نکل آئے ۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے سموسوں ،مچھلی سوپ کی دکانوں کا رخ کیا اور سرد موسم میں مختلف کھانوں سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔فیصل آباد،عارف والا،ملتان ،شاہکوٹ اورپاکپتن میں بھی بادل برسے ،جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری کاآغاز ہوگیا ۔گہرے بادلوں،یخ بستہ ہواؤں،زمین کوچھوتی دھند اورآسمان سے گرتے ہوئے سفید برف کے گالوں نے اس دلکش وادی کے حسن کوچار چاند لگادئیے ہیں۔ اتوار کی دو پہر کو برفباری کا شروع ہونے والا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے ملک بھر سے آئے لاکھوں سیاح گرتی ہوئی برف کو دیکھ کرانکے چہرے خوشی کااظہار سے کھل اٹھے اوراس حسین منظر کوسلفیوں اوراپنے کیمر وں میں محفوظ کرتے رہے ۔کراچی میں سردی کی نئی لہر آنے کی توقع ہے ،کراچی میں آج اور کل ہلکی بارش کا امکان ہے ۔دیربالامیں برسات،پہاڑوں پربرفباری کے بعدسیاحوں کارش لگ گیا،سوات،مینگورہ میں بارش،کالام،مالم جبہ،مہوڈنڈ،اتروڑمیں برفباری ہوئی۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا۔مغربی ہواؤں کا سسٹم ایران کی سمت سے بلوچستان میں داخل ہوا جس کے بعد کوئٹہ، مستونگ، ژوب، کوہلو، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، زیارت ، خانوزئی اور قلات میں ہلکی برفباری کے بعد یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔سوات اور مالم جبہ میں بھی برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا۔گلگت بلتستان اور کشمیر ریجن میں بھی بادل خوب برسے ، کئی بالائی علاقوں کا پارہ منفی 9 ڈگری تک گر گیا،سیاحوں کی بڑی تعداد برف باری سے لطف اندوز ہونے کیلئے شمالی علاقہ جات میں پہنچ گئی ۔