اسلام آباد ،راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی، نیٹ نیوز، 92 نیوز رپورٹ)میجر جنرل بابر افتخار پاک فوج کے نئے ترجمان مقرر، آصف غفور کو جی او سی اوکاڑہ، اظہر وقاص کو ڈی جی ایم آئی تعینات کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کو آصف غفور کی جگہ پاک فوج کا نیا ترجمان مقرر کردیا گیا ہے جبکہ میجر جنرل آصف غفور کو جی او سی اوکاڑہ تعینات کردیا گیا ہے ۔میجر جنرل اظہر وقاص کو ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس تعینات کردیا گیا ہے ۔میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ تمام پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والے پیار اور تعاون کا جتنا شکریہ ادا کروں ،کم ہے ، اپنی مدت کے دوران تعاون پر سب کا شکر گزار ہوں، باالخصوص میڈیا کا، جبکہ نئے ڈی جی آئی ایس پی آر کے لئے دعا گو ہوں۔آصف غفور نے ٹوئٹر پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محبت اور حمایت کا شکریہ، مضبوط رہتے ہوئے پاکستان کے استحکام کے لئے اپنا کام جاری رکھیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار نے 1990 میں کمیشن حاصل کیا، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، رائل کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اردن سے گریجویشن کی۔میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکشن کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے آرمر بریگیڈ میں بطور بریگیڈ میجر خدمات انجام دیں، وہ شمالی وزیرستان کی ایک انفنٹری ڈویژن میں بطور بریگیڈ سٹاف خدمات انجام دیتے رہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کور ہیڈ کوارٹر میں چیف آف سٹاف بھی رہے ، آپریشن ضرب عضب میں میجر جنرل بابر نے آرمرڈ بریگیڈ اور انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی۔میجر جنرل بابر افتخار پاکستان ملٹری اکیڈمی اور این ڈی یو اسلام آباد کے فیکلٹی ممبر رہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر بننے سے قبل میجر جنرل بابر افتخار آرمرڈ ڈویژن کی کمانڈ کر رہے تھے ۔بابر افتخار وسیع مطالعہ اور گالف کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔