کراچی (کامرس رپورٹر)فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف ) کی جانب سے آج (جمعہ ) پاکستان کی گرے پوزیشن کے حوالے سے فیصلہ سامنے آنے کے پیش نظر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اختیار کیا جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات غالب رہے اورکے ایس ای 100 انڈیکس 34ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 382.53پوائنٹس کمی سے 33898.56پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ64.28فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو70ارب34کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ۔اورکاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت8.83فیصدکم رہا۔گزشتہ روزحکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی،ٹیلی کام، فوڈز، بینکنگ، سیمنٹ، اسٹیل اورکیمیکل سیکٹر سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،اورٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس34361پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھا گیاتاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباوبڑھنے سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اوردوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100 انڈیکس 33830 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیا بعد میں مارکیٹ میں ریکوری آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس 382.53پوائنٹس کمی سے 33898.56پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 217.28 پوائنٹس کمی سے 15822.20پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس657.48پوائنٹس کمی سے 54200.07 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 223.34 پوائنٹس کمی سے 24589.99پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طورپر364کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 109کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،234کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ21کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔