وستہ محمد ، کراچی،پشاور(آن لائن،صبا ح نیوز) الحاج میر ظفر اﷲ خان جمالی سابق وزیر اعظم کی رسم سوئم آج روجھان جمالی میں ادا کی جائے گی ، جس میں سندھ بلوچستان اور پنجاب سے جمالی اقوام اور ان کے چاہنے والے شرکت کریں گے ، جبکہ تعزیت کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔وزیر اعلی ٰبلوچستان جام کمال خان ، گورنر امان اﷲ یاسین زئی ، محمد صالح بھوتانی دیگر وزرا کے ہمراہ روجھان جمالی پہنچ گئے ، ان کے ورثا سے تعزیت کی اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی ۔اس موقع پر وزیر اعلی ٰ جام کمال اور گورنر امان اﷲ یاسین ز ئی نے کہا کہ میر ظفر اﷲ خان بلوچستان اور اس ملک کے بہت بڑے اثا ثے تھے اور ان کی خدمات تاریخ میں سنہرے الفاظ سے لکھے جائیں گے ۔سندھ اسمبلی نے جمعہ کو اپنے اجلاس میں سابق وزیراعظم میرظفراﷲ جمالی اور رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی خان، سابق وزیر مملکت فقیر جادم منگریو،سابق صوبائی وزیر عادل صدیقی،سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ ، علامہ خادم حسین رضوی اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی راشد ربانی کے انتقال پر ان کے لئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی گئی ،ایوان نے رکن اسمبلی جام مدد علی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک قرارداد بھی منظور کرلی۔ خیبرپختونخوااسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم ظفراﷲ جمالی،ایم پی اے فضل شکورکی اہلیہ اورسابق رکن اسمبلی ڈاکٹرذاکرکی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔