ملتان؍ اسلام آباد(سٹاف رپورٹر؍خصوصی نیوز رپورٹر؍وقائع نگار خصوصی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے موٹروے ایم 4 کے نامکمل 34 کلومیٹر طویل سیکشن شام کوٹ تا عبد الحکیم کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب گزشتہ روز این ایچ اے کی جانب سے شام کوٹ انٹر چینج پر منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا عبدالحکیم خانیوال کے پورشن کا افتتاح کرنا باعث مسرت ہے ، اب شہریوں کو سفر میں آسانی ہو گی، یقین ہے کہ ملتان اور سکھر کا سیکشن کھلے گا تو پھر صحیح معنوں میں فائدہ ہوگا ، ہمارا اگلا فیز سی پیک کا ہے ، فیز ٹو سی پیک پر ہماری سوچ اب روزگار پر ہے ، پاکستان کو معاشی طور پر دو بڑے چیلنجز مہنگائی اور بیروزگاری کا سامنا ہے ، خصوصی اقتصادی زونز سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو گا، کشمیر پر غاصبانہ قبضے پر وزیر خارجہ نے کہا 27 اکتوبر وہ تاریخی دن ہے جس دن بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا ، پانچ دہائیوں بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہو گیا ہے ،پاکستان کے ہر قصبہ ، ہر شہر ، بیرون ملک میں نہ صرف پاکستانی بلکہ کشمیری انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں۔انہوں نے کہا پہلے بین الااقوامی میڈیا پاکستان پر تنقید کرتا تھا مگر آج بین الاقوامی میڈیا کی توپوں کا رخ انڈیا کی طرف ہے ، بھارت کی تمام اقلیتیں سراپا احتجاج ہیں، تمام مذاہب کے ماننے والوں نے ہندو توا کو مسترد کر دیا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے یوم سیاہ کشمیرکے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت زیادہ عرصہ تک عالمی برداری کو گمراہ نہیں کر سکتا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی پردہ پوشی ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا بھارت کے دوست اور مخالفین بھی اب اس پر تنقید کر رہے ہیں جبکہ پورا بین الاقوامی میڈیا یکجہتی کے ساتھ بھارت کی شرمناک جمہوریت اور جعلی مساوات کو بے نقاب کر رہا ہے ۔