کوئٹہ (نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور متنازعہ شہریت کے قانون کی بھرپور مذمت کی گئی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ کشمیری عوام کی حمایت ہماری اخلاقی، مذہبی اور سیاسی ذمہ داری ہے ، بحیثیت متحد قوم ہمیں اپنے سیاسی و گروہی مفادات سے بالاتر ہوکر کشمیری عوام کا ساتھ دینا ہوگا اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنا ہوں گی، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقعوں میں اضافے سے پاکستان معاشی اور اقتصادی طور پر مضبوط ہوگا جس کا فائدہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو پہنچے گا۔