اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے گزشتہ روز کے بیان پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل جو میں نے اسمبلی میں بیان دیا اس میں بھارتی میڈیا کا جو رد عمل آیا وہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور اس کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ، میرا اشارہ سول لیڈر شپ کی کمزوری کی جانب تھا۔انہوں نے کہا کہ ایک چیز واضح ہے کہ ابھی نندن پاکستان مٹھائی بانٹنے نہیں آیا، اس نے پاکستان پر حملہ کیا تھا اور ابھی نندن کے جہاز کو گرانا پاکستان کی فتح تھی ۔ایاز صادق کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے پارلیمانی رہنماؤں کی ابھی نندن سے متعلق میٹنگ بلائی جو تاخیر کا شکار ہوئی، میٹنگ میں تاخیر کی کیا وجہ تھی؟ کیا وہ مودی سے ڈکٹیشن لے رہے تھے ہم سے شیئر کرنا مناسب نہیں سمجھا،وزیراعظم نے وزیر خارجہ کے توسط سے کہلوایا کہ ابھی نندن کو فوری بھارت کے حوالے کرنا ہے ، ابھی نندن کی بھارت حوالگی کا فیصلہ سراسر غلط تھا، ابھی نندن کو چھوڑنے کے فیصلے میں سول لیڈرشپ اور عمران خان کی کمزوری نظر آئی ۔