اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر یائوجنگ نے ملاقات کی اورمقبوضہکشمیرکی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرچینی سفیرنے گفتگو میں کہا کہ چین خطے میں ہر قسم کی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی بھر پور مذمت کرتا ہے ۔کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف وزیوں کو رکوانے کے لئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے ، پاکستان اور چین مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں۔چیئرمین سینٹ نے کہا ہے کہ کشمیر پر پاکستان اور چین کا موقف یکساں ہے اور بھارت کو کسی طور پر بھی خطے کا تھانیدار نہیں بننے دیں گے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی پوری دنیا مذمت کر رہی ہے ۔ چیئرمین سینٹ نے مزید کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخ کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں ۔دونوں ممالک کے مابین ترقیاتی اور اقتصادی شراکت داری ایشیا کو دنیا میں منفرد مقام فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سی پیک اتھارٹی کے قیام کے فیصلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں نہ صرف تیزی لائی جائے گی بلکہ ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد استفادہ بھی حاصل کیا جائے گا۔