سرینگر ،نئی دہلی (نیوزایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضے اور محاصرے کیخلاف غم و غصے کے اظہار کیلئے جمعہ کو مختلف علاقوں میں زبردست مظاہرے کیے گئے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر ، بڈگام ، گاندر بل ، اسلام آباد ، پلوامہ ، کولگام ، شوپیاں ،بانڈی پورہ ، بارہمولہ ، کپواڑہ اور دیگر علاقوں میں لوگ نما ز جمعہ کے فوراً بعدسڑکوں پر نکل آئے اور آزادی کے حق میں جبکہ بھارت کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مختلف مقامات پر مظاہرین پر طاقت کاوحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ قابض انتظامیہ نے مسلسل18ویں ہفتے بھی لوگوں کو سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور وادی کشمیر کی دیگر بڑی مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی۔ جمعہ کو124ویں روز بھی جاری رہنے والے بھارتی محاصرے کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں صورتحال ابتر رہی۔ مقبوضہ علاقے میں دفعہ 144کے تحت پابندیوں کے نفاذ ،انٹرنیٹ اورپری پیڈ موبائل فون سروسز کی معطلی کے باعث لوگ بدستور مشکلات کا شکار ہیں ۔ جموں وکشمیر یوتھ لیگ نے مقبوضہ علاقے میں دیواروں پر چسپاں پوسٹروں کے ذریعے احتجاجی کیلنڈر جاری کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آج سرینگر میں دستگیر صاحب کی طرف مارچ کریں۔ پوسٹروں میں لوگوں سے کہا گیا کہ وہ پیر کے روز بھی سرینگر کے علاقے سونہ وار میں قائم اقوام متحدہ کے دفتر کی طرف اسی طرح کا مارچ کریں جبکہ بدھ کی شام کو تمام روشیاں بجھا دیں اور جمعرات کو سول کرفیونافذ کریں۔ہائیکورٹ بارکے سابق جنرل سیکرٹری غلام نبی شاہین نے ایک انٹرویو میں بار کے صدر میاں عبدالقیوم اور سینئر وکلا نذیر رونگا ، اشرف بٹ اور ہلال لون سمیت غیر قانونی نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائمقام چیئرمین عبدالحمید بٹ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام یادداشت میں کہا ہے کہ وہ پارٹی چیئرمین یاسین ملک کی سلامتی اور لائن آف کنٹرول پر جاری پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ کشمیر چیمبر آف کامرس کے صدر شیخ عاشق حسین نے سرینگر میں ایک انٹریومیں کہاکہ بھارت کی طرف سے پانچ اگست سے مسلط فوجی محاصرے اور انٹرنیٹ کی بندش کے سبب مقبوضہ علاقے کی معیشت کو ابتک 15ہزار کروڑروپے کا نقصان پہنچا ہے ۔ادھر بھارتی کسٹم حکام نے نئی دہلی ائر پورٹ سے چار بیگناہ کشمیری تاجر گرفتار کر لیے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تاجروں کو حراست میں لیکر ان کے پاس موجود 39 لاکھ روپے سے زائد رقم ضبط کرلی گئی۔