اسلام آباد،نیو یارک(خصوصی نیوز رپورٹر، بیورو رپورٹ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوم اقوام متحدہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بصیرت سے ملنے والی رہنمائی اور جذبے کے تحت پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے منشور کو سربلند کیا ہے ۔عالمی امن وسلامتی، پائیدار ترقی اور سب کیلئے مساوی انسانی حقوق کے فروغ میں اقوام متحدہ کی مرکزیت کے ساتھ کثیرالقومیت کیلئے ہم نے ہمیشہ اپنے مضبوط عزم وارادے اور پختہ وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔افغان عوام کو اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سامان کی فراہمی و ترسیل میں راہداری کی فراہمی میں پاکستان اپنی مدداورتعاون جاری رکھے گا۔ عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ تنازعہ جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے کام کرے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے جوانوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں قربانیاں دی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کی 76ویں سالگرہ پر آرمی چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فوج امن کیلئے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہییں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ عالمی امن کے فروغ کیلئے ہماری قربانیاں دنیا کے سامنے ہیں۔ ہماری قربانیاں عالمی امن کے ہمارے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پچھلے 76 سالوں میں عالمی سطح پر امن تو نہیں ہو سکا البتہ اقوام متحدہ نے ایک تباہ کن تیسری عالمی جنگ سے ضرور بچا یا اور علاقائی تنازعات پر قابو پایا گیا۔ آج اقوام متحدہ کے چارٹر میں پر امن اور خوشحالی کا وعدہ کئی چیلنجوں کا شکار ہے ، کورونا، آب و ہوا کا بحران، عظیم طاقتوں کے درمیان تصادم، ایک نئی اور وسیع ہتھیاروں کی دوڑ، تنازعات اور کئی علاقوں میں انتہا پسند ، فاشسٹ اور دہشت گرد گروہوں کا عروج، یہ سب ایسے ایشوز ہیں جن کا اقوام متحدہ کو سامنا ہے ۔ جموں و کشمیر کے پرامن حل کیلئے اقوام متحدہ بھی مرکزی حیثیت رکھتا ہے ۔اقوام متحدہ کے زیراہتمام کشمیری عوام کو ان کے حق خود ارادیت کے استعمال کے قابل بنا کر مسئلہ حل کرنا ہوگا ۔