سیدوالا (نامہ نگار ) یونین کونسل سیدوالا کے سابق چیئرمین نے 50 افراد کے ہمراہ سڑک بلاک کر کے مسافر بس پر حملہ کر دیا، عملہ اور سواریوں پر تشدد اور زبردست توڑ پھوڑ کی،سواریوں کا سامان لوٹ لیا، ملزمان کی فائرنگ سے علاقہ بھر میں خوف وہراس پھیل گیا۔ملزمان کا موقع پر پہنچنے والی ایلیٹ کی پولیس پارٹی پر بھی حملہ ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال میں داخل کرا لیا گیا ۔مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ،بتایا گیا ہے کہ گزشتہ شام فاضل ولد سجاد کھرل نے اسلحہ اور ڈنڈوں سے لیس اپنے 50 ساتھیوں ذوالفقار ، شہامند علی وغیرہ کے ہمراہ پل مہر پور کے قریب سیدوالا سیال روڈ کو ٹریکٹر ٹرالی سے بلاک کر کے ٹریفک روک دی، اس دوران راجپوت ٹرانسپورٹ کمپنی کی مسافر بس لاہور سے سمی دی جھونک واپس جارہی تھی کہ ملزمان نے بس کو روک کر توڑپھوڑ شروع کر دی اور سواریوں اور عملہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایااور مسافروں کا قیمتی سامان بھی لوٹ لیا ، ملزمان زبردست فائرنگ بھی کرتے رہے جس علاقہ بھر میں خوف وہراس پھیل گیا ، ملزمان نے بس کو ٹریکٹر ز کی مدد سے قریبی نہر میں پھینک دیا، سواریوں نے ٹوٹے ہوئے شیشوں سے کود کر جانیں بچائیں ۔15پر کال چلنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر بھی حملہ کر دیا جس سے ایلیٹ فورس کے شاہد نامی اہلکار کا سر پھٹ گیا ۔اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی سرکل بڑاگھر رانا عظمت حیات اور ایس ایچ او سیدوالا انسپکٹر سید علی حسین شاہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے ۔پولیس کی مزید کمک پہنچنے پر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، مقامی پولیس نے بس کے مالک رانا افتخار احمد کی درخواست پر مقدمہ در ج کر کے مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔