کراچی (سٹاف رپورٹر)ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس کے دباؤ کے باعث بڑے مالیاتی سکینڈل میں ٹی وی اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل کے معاملے پرمقتول مرید عباس کے سسر اور ملزم عاطف زمان کے ڈرائیور کے بھائی نے پریس کانفرنس کرڈالی۔ مرید کے سسر عظیم خان نے میڈیاکو بتایا کہ میڈیا پر کچھ خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں،پولیس کی تفتیش سے مطمئن ہیں،میں عاطف زمان کو جانتا ہوں اوراس سے ملاقات بھی ہوتی رہی ہے کیونکہ عاطف زمان کے گھر کے سامنے رہائش پذیر ہوں،میں نے بھی عاطف زمان کے کاروبار میں50 سے 60 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے ،جب میں نے رقم کا مطالبہ کیا توعاطف زمان نے فون پر مجھ سے بدتمیزی اور تلخ جملے کہے ،تمام لوگ مل کر معاملات حل کی کوشش کررہے تھے ، مرید عباس 2016 ء سے عاطف زمان کے پاس سرمایہ کاری کر رہا تھا،عمر ریحان کی اہلیہ نے بتایا کہ عاطف نے مرید کو گولی مار کر زخمی کیا ہے ،جب دفتر پہنچے تو مرید کی آخری سانسیں چل رہی تھی،مرید نے صرف ایک لفظ زبان سے ادا کیا،عاطف اسکے بعد خاموش ہوگیا۔دوسری جانب ملزم عاطف زمان کے ڈرائیورندیم کے بھائی عقیل نے بتایا کہ ندیم نے خودکشی کی کوشش بیوی سے جھگڑے کے بعد کی،ندیم چھ ماہ سے عاطف زمان کا ڈرائیور تھا،عاطف زمان نے پچھلے ماہ کی تنخواہ نہیں دی تھی، معاشی حالات اس قدر خراب ہوگئے تھے کہ بچوں کے دودھ کے پیسے نہیں تھے ،بیوی سے جھگڑے کے بعد ندیم نے ٹائیفون پی لیا تھا،اقدام خودکشی سے مرید عباس قتل کیس کی تفتیش کا کوئی تعلق نہیں ۔