میکسیکو سٹی(اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک ،ایجنسیاں)میکسکو میں تیل کی ایک غیر قانونی پائپ لائن میں دھماکہ سے تیل چوری کے دوران لگنے والی آگ سے 66 افراد ہلاک اور 76سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ 85 لاپتہ ہیں۔ چوروں نے چوری کے بعد آئل پائپ لائن پر لوکل ٹیپ لگائی تھی،مقامی شہری تیل اکٹھاکر رہے تھے اچانک دھماکہ سے آگ بھڑک اٹھی،میکسکو کے صدر آندرے لوپیز نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ریاستی حکومت سے متاثرہ افراد کی مدد کا مطالبہ کرتا ہوں۔اے ایف پی کے مطابق دارالحکومت میکسکو سٹی کے شمال میں 105 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہڈالگو ریاست کے شہر تلاہو للپان میں پیش آیا اور دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی آگ کے شعلے بلند ہوئے اور شہری ہر طرف مدد کے لیے پکارتے نظر آئے ۔ہیڈالگو کے گورنر عمر فائد نے کہا ہے کہ تیل کی پائپ لائن میں دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے ہونے والی ہلاکتیں66 تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔