کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو ریکوری آئی اور دو روزہ مندی کے نتیجے میں سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 238.82 پوائنٹس کے اضافے سے 32553.39پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا اور53.53فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 33ارب17کروڑ76لاکھ روپے بڑھ گئی اور کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت30.36فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا جس کے باعث ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100انڈیکس 32284پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے سستے شیئرز کی خریداری کا رجحان بڑھنے سے مارکیٹ منفی زون سے مثبت زون میں داخل ہوگئی اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 32634پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد میں مزکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس238.82پوائنٹس کے اضافے سے 32553.39پوائنٹس ہوگیا اسی طرح95پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس14281.23پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 124.40پوائنٹس کے اضافے سے 22977.71پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر325کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 174کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ 129کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور22میں استحکام رہا ۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت33ارب17کروڑ76لاکھ روپے کے اضافے سے 61کھرب28ارب 12کروڑ90لاکھ روپے ہوگئی ۔دریں اثنا مقامی کرنسی مارکیٹ میں منگل کوپاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر 1.20روپے بڑھ گئی جب کہ یورو اور برطانوی پاونڈ کی قدر بھی 2روپے بڑھ گئی ۔