لاہور(نمائندہ خصوصی سے )پنجاب حکومت نے مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی، پنجاب حکومت کی جانب سے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر 27نومبر سے پانچ روز کے لئے پیرول پر رہائی دی گئی تھی، مسلم لیگ(ن)کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو دی گئی تحریری درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے صدر ہیں ، حمزہ شہباز بھی پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں، ملک بھر سے لوگ شہباز شریف سے ان کی والدہ اورحمزہ شہباز سے ان کی دادی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لئے آنا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت بدھ کے روز ختم ہو رہی ہے ۔ درخواست ہے اس میں مزید اضافہ کیاجائے ، پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے پیرول میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی ۔ وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے پہلے ہی انسانی ہمدردی میں معمول سے زیادہ دنوں کے لئے پیرول دیا، سیاسی گپ شپ اور کاروباری معاملات چلانے کے لئے پیرول میں توسیع نہیں ملے گی، ماں کی میت پر سیاست کی اجازت نہیں دی جائیگی ،شہبازشریف کو یہ درخواست دینی ہی نہیں چاہیے تھی ۔ دریں اثنا میاں شہباز شریف سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا، گورنر پنجاب نے ان سے فون پر تعزیت کی ، گورنر پنجاب نے شہباز شریف سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فر مائے ، ماں کی کمی دنیا کی کوئی طاقت پوری نہیں کرسکتی، میاں شہبازشریف سے مختلف سیاسی رہنمائوں نے ملاقات کی ، آزاد جموں و کشمیر کے صدرسردار مسعود خان، سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر مینگل ،برطانوی ہاؤس آف لارڈ کے سابق رکن لارڈ نذیر احمد نے شہبازشریف سے والدہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اس ملک میں رواداری حکومت کے انتقام کے باعث دفن ہو گئی ۔ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے ، لوگوں کو معلوم ہے کہ یہ سب انتقام ہے ۔ جاتی عمرہ میں شہباز شریف اور مریم نواز سے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ ہم ایک معاہدے کے تحت حکومت کے ساتھ تھے ، ہمارے ساتھ طے پانے والے معاہدے کو پورا نہیں کیا گیا ،نئے سال میں خوشیاں ملیں گی، ملاقات میں لاہور کے جلسے کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور آئے ۔ پیپلزپارٹی کے رہنماسعیدغنی نے بھی شہبازشریف سے ملاقات کی اور والدہ کی وفات پر تعزیت کی۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ٹیلی فون کرکے میاں نواز شریف سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ، ان کا کہنا تھا کہ لاہور جا کر مریم نواز اور شہباز شریف سے بھی تعزیت کروں گا ، نواز شریف نے کامیاب جلسے پر گیلانی کو مبارکباد دی - چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی ٹیلی فون کرکے شہباز شریف سے تعزیت کی،