کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو تیزی کا رجحان غالب رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 84.91پوائنٹس کے اضافے سے 46227.65 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجب کہ 49.39فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 23ارب85کروڑ64لاکھ روپے بڑھ گئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت20.21فیصد زائد رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرزعمل اپنایا گیا جس کے باعث اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 46116.57پوائنٹس کی نچلی اور 46378.40پوائنٹس کی بلند سطح پر دیکھا گیا لیکن مجموعی طور پر مثبت رجحان غالب آگیا اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس84.91پوائنٹس کے اضافے سے 46227.65پوائنٹس پر بند ہوا۔۔گذشتہ روز مجموعی طور پر 415کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جن میں 205کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 200میں کمی اور 10میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ82کھرب92ارب95کروڑ89لاکھ روپے سے 83کھرب16ارب81کروڑ53لاکھ روپے ہو گیا ۔دریں اثنائگزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت خرید18پیسے کے اضافے سے 158.85روپے سے بڑھ کر159.03روپے اور قیمت فروخت13پیسے کے اضافے سے 159روپے سے بڑھ کر159.13روپے ہو گئی ۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونا فی تولہ قیمت250روپے کی کمی سے 1لاکھ9ہزار950روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 214روپے کی کمی سے 94ہزار264روپے ہوگئی ۔