لاہور، ملتان،اسلام آباد ،پشاور، کراچی ،کوئٹہ ، نئی دہلی ، نیویارک (رپورٹنگ ٹیم،نمائندگان، 92 نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)ملک میں کورونا کے مزید 131 مریض انتقال کر گئے جبکہ 5112 نئے کیس سامنے آگئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق مجموعی اموات 17811 جبکہ مصدقہ کیس820823 ہو گئے ۔ فعال کیس 91547اور تشویشناک مریضوں کی تعداد 5360 ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 99 ٹیسٹ کیے گئے ۔معروف اداکارہ مرینہ خان بھی کورونا کا شکار ہوگئیں۔پنجاب میں مزید 83 ہلاکتیں، 2296 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔لاہور میں 30 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 1086نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔پنجاب میں ابتک 3 لاکھ 1114 کیس رپورٹ ہوچکے ۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے مصری شاہ میں سکریپ انڈسٹری 17 مئی تکبند رہے گی۔ پنجاب میں لاک ڈائون میں نرمی کر دی گئی، رمضان بازار، پھل ،سبزی ،دودھ دہی کی دکانیں ، تنور، گروسری و کریانہ سٹور ہفتہ و اتوار کو بھی صبح 9 سے شام 6بجے تک کھلے رہیں گے ۔ کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان نے کہا ہے ہفتہ ، اتوار کو لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔ صرف میڈیکل سٹور، پٹرول پمپ، ویکسی نیشن سنٹر، دودھ دہی، گوشت اور سبزی کی دکانیں کھلی رہیں گی۔بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی ہو گی۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایااس وقت15 علاقوں میں لاک ڈاؤن ہے ۔13 اپریل سے ابتک مارکیٹس اور449 دکانوں،ہوٹل،شادی ہال و دیگر 416 مقامات کو سیل کیا گیا ۔30 سکول بھی سیل کیے گئے ۔ 163000 جرمانے اور 75 ایف آئی آر کا اندراج کرایا گیا ۔ 121 افراد کو حراست میں لیا گیا اور 57 ہزار سے زائد ماسک تقسیم کیے گئے ۔10 نئے ویکسی نیشن سنٹرکھولے جا رہے ہیں۔ سندھ میں 12 مریض جان سے گئے جبکہ1115 مثبت کیس سامنے آئے ۔کراچی ایکسپو سنٹر میں قائم فیلڈ آئسو لیشن سنٹر کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے پاکستان میں کورونا کا جنوبی افریقن اور برازیلین ویرینٹ آ گیاجن پر کوئی موجودہ ویکسین اثر نہیں کرتی۔ خیبرپختونخوا میں 36 افراد جاں بحق جبکہ 796 متاثر ہوئے ۔صوبے میں عید پر 9دن کیلئے لاک ڈائون نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔بلوچستان میں دو مریضوں کی جان گئی جبکہ 6 طلبا سمیت 91 نئے مریض سامنے آگئے ۔ صوبے میں دوسرے روز بھی لاک ڈائون رہا، ہفتہ ، اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہے گی ۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ملک میں اگلے چند ہفتے خطرناک ہیں۔ تشویشناک مریضوں کی تعداد گزشتہ سال جون کے مقابلے میں 57 فیصد زائد ہوگئی ۔وفاقی حکومت نے عید پر کورونا ویکسی نیشن سنٹرز 13 مئی سے 15 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوج کی معاونت سے کارروائیاں جاری ہیں۔ لاہور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 49 دکانوں و سٹوروں کو سیل جبکہ 10 افراد کو گرفتار کرایا گیا۔ دو بینک سربمہر کر دئیے گئے ۔ ادھر دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 31لاکھ 88 ہزار جبکہ کیس 15کروڑ18لاکھ سے تجاوز کر گئے ۔بھارت میں ریکارڈ402,110 کیس جبکہ 3,522 ہلاکتیں ہوئیں۔ معروف بھارتی صحافی برکھا دت کے والدبھی چل بسے ۔ معروف صحافی روہت سردانا اور شوٹر دادی کے نام سے مشہور89 سالہ چندرو تومر بھی کورونا کے باعث چل بسیں۔ اداکاررندھیر کپور بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔ ممبئی میں تمام ویکسی نیشن سنٹر تین دن کیلئے بند کر دیے گئے ۔انڈیا میں چین کے سفیر سن ویڈانگ نے اپنی ٹویٹ میں کہا چینی صدر نے انڈین وزیراعظم کو پیغام میں ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ چینی صدر کا کہنا ہے چین وبا سے لڑنے کیلئے انڈیا کو مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ امریکہ نے 4مئی سے بھارت پر سفری پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ چین میں کورونا کی بھارتی قسم کی موجودگی کی تصدیق پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔ترکی میں کورونا کیس بڑھنے کے بعد مکمل لاک ڈاؤن شروع ہوگیا جو 17 مئی تک جاری رہیگا۔