کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹا ک ایکس چینج میں مندی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 600 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس سے انڈیکس 40600پوائنٹس سے گھٹ کر40ہزار پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں ایک کھرب10ارب روپے کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال اورمنافع کی خاطر فروخت کے دباؤ کیساتھ سرمائے کے انخلاء کے نتیجے میں انڈیکس 39900پوائنٹس کی کم ترین سطح پر دیکھا گیا تھا ۔ مجموعی طور پر 398کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 86کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،302میں کمی اور 10کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔دریں اثناء مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت300روپے اضافے سے 1لاکھ12ہزار اور دس گرام سونے کی قیمت258روپے اضافے سے 96ہزار22روپے کی سطح پر رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت1200روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔علاوہ ازیں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں65پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 164.40روپے اور قیمت فروخت164.60روپے پر آ گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں70پیسے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 164.60روپے اور قیمت فروخت164.90روپے ہو گئی ۔