لاس اینجلس( نیٹ نیوز) تقریبا نصف صدی قبل ’’ میں عورت ہوں ‘‘ جیسا نسوانی گانا گانے والی معروف آسٹریلوی نژاد امریکی گلوکارہ ہیلن ریڈی 70 سال کی عمر میں چل بسیں۔ ہیلن ریڈی نے اگرچہ ڈیڑھ درجن کے قریب میوزک ایلبم ریلیز کیے ، تاہم ان کا سب سے مقبول ایلبم ’’میں عورت ہوں‘‘ ہی ہوا، جسے 1972 میں ریلیز کیا گیا تھا۔ہیلن ریڈی نے گلوکاری سے قبل سٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے تھے تاہم انہیں مقبولیت ’’میں عورت ہوں‘‘ کے اسی نام کے گانے سے ملی، انہیں گانے پر بہترین گلوکارہ کا گریمی ایوارڈ بھی دیا گیا ، یہی گانا اتنا مقبول ہوا کہ 2019 میں گلوکارہ کی زندگی پر بنائی گئی فلم کا نام بھی’’ میں عورت ہوں‘‘ ہی رکھا گیا جب کہ اسی نام سے ان کی زندگی سے متعلق کتاب بھی جاری کی گئی ۔ہیلن ریڈی کی موت پر نہ صرف ان کے اہل خانہ، گلوکاروں اور اداکاروں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا بلکہ دنیا بھر کی نسوانی تحریک کی خواتین عہدیداروں نے بھی ان کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔