لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ کے لئے قومی ٹیم سکواڈ میں شامل نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ ٹیم میں سینئرز نے بہت اعتماد دیا ہے ، قومی جونیئر ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے جو نہ سیکھ سکا اب ان چیزوں کا پتہ چل رہا ہے ، سابق کپتان سرفراز احمد نے خود ساتھ ٹریننگ کرنے کا کہا جبکہ بابر اعظم کے بیٹ دیکھنے کا شوق بھی پورا ہو گیا ہے ۔گزشتہ روز روحیل نذیر نے کہا کہ سکواڈ میں سہیل خان اور شاداب خان بہت شغل لگاتے ہیں، مجھے ٹاپ بیٹسمین بابر اعظم کے بیٹ دیکھنے کا بہت شوق تھا اوردورۂ انگلینڈ میں بابر اعظم کے بلے دیکھنے کا شوق بھی پورا ہوگیا۔انگلینڈ میں موجود نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے انڈر 19 سے پاکستان کرکٹ ٹیم میں شمولیت کو اپنی خوش قسمتی قرار دیا ہے ۔ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔روحیل نذیر نے کہا کہ وہ پاکستان ٹیم کے ڈریسنگ روم میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔