لاہور، اسلام آباد، کراچی ، گوادر ، نیویارک، جینوا، نئی دہلی (جنرل رپورٹر ، خبر نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار ،92 نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید11 مریض چل بسے جبکہ 1425 مثبت کیس رپورٹ ہوئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25215 ٹیسٹ کیے گئے ،مثبت کیسز کی شرح 5.65 فیصد ر ہی ۔مصدقہ کیس 1000034 جبکہ اموات 22939 ہوگئیں ، فعال کیسز کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کرگئی۔کراچی میں کورونانے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی ۔ ڈاکٹر اقبال نوری ایک ہفتے سے نجی ہسپتال میں داخل تھے ۔وفاقی وزیربرائے بحری امورعلی زیدی کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت آگیا ،انہوں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ۔ فائزر ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی ۔ عید الاضحی پر ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز ایک روز کیلئے بند رہے ۔پنجاب میں عید کے تین دنوں کے دوران17اموات ہوئیں جبکہ 707نئے مریض سامنے آئے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 115 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ لاہور 55، راولپنڈی14، فیصل آباد 10, جھنگ 7 ، ملتان 6 ، بہاولپور 4، گجرات 4 ،خوشاب3 ،اٹک، رحیمیار خان اور راجن پور میں 2،2 کیس رپورٹ ہوئے ۔گزشتہ روز لاہور میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ۔سندھ میں کورونا کی شرح دس فیصد سے تجاوز کر گئی جبکہ کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 24 فیصد تک پہنچ گئی ۔ صوبے میں پیر سے تعلیمی ادارے ، شادی ہال ، درگاہیں،تفریحی مقامات اور دیگر تقریبات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔فیصلہ وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا ۔ امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے ۔پیر سے شاپنگ مال ، مارکیٹوں کے اوقات صبح 6 سے شام 6 بجے تک ہونگے ، کریانہ ، بیکری اور فارمیسی کھلی رہیں گی۔ ریسٹورنٹس کو صرف ٹیک اوے کی اجازت ہو گی، انڈور اور آئوٹ ڈور سروس نہیں دے سکیں گے ۔ جمعہ اور اتوار سیف ڈیز شمارہوں گے ۔ سرکاری اور نجی سیکٹر میں 50 فیصد عملہ حاضر ہو گا۔ وزیراعلی سندھ نے شہریوں کو ویکسین لگوانے کا پیغام بھیجنے کیلئے پی ٹی اے کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا اور کہا ایک ہفتے میں ویکسین نہ لگوانے والوں کی سم بلاک کی جائے ۔وزیراعلی نے کہا اگلے مہینے سے ویکسی نیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کر دی جائیں گی، وزیراعلی نے سیکرٹری فنانس کو اے جی سندھ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی۔محکمہ داخلہ سندھ نے 26 جولائی سے نئی پابندیوں کا حکمنامہ بھی جاری کردیا ۔گوادر و ملحقہ علاقوں میں پندرہ روز کیلئے مکمل لاک ڈائون لگا دیا گیا جبکہ کرفیولگانے پرغور کیا جا رہا ہے ۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فیصل مسجد کا مرکزی ہال سیل کر دیا گیا ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 41.56لاکھ جبکہ متاثرین 19.37 کروڑ سے زائد ہو گئے ۔ کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا 124ممالک تک پھیل گئی۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کورونا وائرس کے انسان کی ذہنی صحت پر اثرات طویل مدت تک موجود رہیں گے ۔ لاک ڈاؤن اور خود کو تنہا کرنے سے نفسیاتی مسائل نے جنم لیا ہے ۔ بے روزگاری اور معاشی عدم استحکام بھی انسانی ذہن کی صحت کی کمزوری کا باعث ہو سکتے ہیں۔ سنٹر فار گلوبل ڈویلپمنٹ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ بھارت میں اموات کی تعداد 49 لاکھ یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے ۔ یہ تعداد سرکاری اعداد و شمار کے مقابلے میں 12 گنا سے بھی زیادہ ہے ۔