اسلام آباد، ملتان (سپیشل رپورٹر ، لیڈی رپورٹر، نیوزایجنسیاں، نمائندگان )وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں ،صدر، وزیراعظم و دیگر نے کالی پٹیاں بازؤں پر باندھیں جن میں لکھا تھا’ میں کشمیر ہوں ‘۔ملک بھر میں سائرن بجائے گئے اور پانچ منٹ کیلئے خاموشی اختیار کی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی ۔صدر مملکت اور چیئرمین سینٹ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک دوسرے کو ’ آئی ایم کشمیر‘ والی سیاہ پٹیاں باندھیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بازو پر کالی پٹی باندھی جس پر تحریر تھا میں کشمیر ہوں ۔ وزیرِ اعظم آفس میں دن تین بجے سائرن بجایا گیا اور پانچ منٹ کیلئے خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا 75 روز سے مودی حکومت کا وادی میں غاصبانہ قبضہ جاری ہے ، مودی کشمیریوں کو محکوم بنانے کیلئے طاقت کا استعمال کرے گا۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا مودی اب خوفزدہ ہے کہ کرفیو اٹھے گا تو خونریزی ہوگی، مودی سمجھتا ہے 9 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبا لے گا، دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے ۔ ادھر پارلیمنٹ کے سامنے بھی کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے میں سیکرٹری قومی اسمبلی سمیت پارلیمنٹ سٹاف کالی پیٹاں باندھ کر بڑی تعداد میں شریک ہوا ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ پارلیمنٹ کے سامنے ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعرے گونجتے رہے ۔ دفتر خارجہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔سیکرٹری خارجہ امور سہیل محمود مہمان خصوصی تھے ۔دفتر خارجہ میں سائرن بجائے جانے کے بعد پانچ منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔دفتر خارجہ کے ملازمین اور حکام نے کشمیر کے حوالے سے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔شرکا نے کشمیری پرچم بھی تھامے ہوئے تھے ۔تقریب میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے ترانے بھی بجائے گئے ۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اخلاقی و سفارتی طور پر کشمیر یوں کیساتھ ہے ۔یہ حمایت اور تحریک کشمیریوں کے حق رائے دہی کے حصول تک جاری رہے گی۔ فنکاروں اور کاریگروں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لوک ورثہ کے افسران اور عملے کیساتھ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف مظاہرہ کرتے ہوئے کالی پٹیاں بازؤں پر باندھ کر کشمیر یکجہتی کا گھنٹہ منایااور سہ پہر 3 بجے 5 منٹ خاموشی بھی اختیار کی گئی۔کشمیریو ں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور بھارت کیخلاف نعرے لگائے گئے ۔لیہ میں ٹریفک پولیس اور ڈولفن فورس نے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے موٹر سائیکل ریلی نکالی ۔ ہارون آباد میں ہندو بالمیکی برادی نے پر امن ریلی کا اہتمام کیا۔