لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ماہرمعاشیات ڈاکٹر ندیم الحق نے کہا کہ حکومت نئی آئی ہے ہمیں اس کو تھوڑا ٹائم دینا چاہئے اور اس کی رہنمائی کرنی چاہئے ، ہمیں آئی ایم ایف میں جانا پڑے گا ۔ پروگرام ہوکیارہا ہے میں میزبان ا سداﷲ خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو سخت فیصلے لینا ہونگے ، ہم نے گیس جلا جلا کر ختم کردی یہ ضروری تھا کہ اس کی قیمتوں میں اضافہ کیاجائے ۔ ا نہوں نے یہی کیا جو ماضی میں فنانس منسٹری کرتی تھی۔ ہمیں ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں چاہئیں ہمیں سادہ ٹیکس چاہئیں جن میں صرف تین ٹیکس ہوں۔ ٹیکس پالیسی کو آسان بنائیں ۔سابق چیئرمین اپٹما گوہراعجاز نے کہا کہ میرے خلاف میڈیا میں درست رپورٹنگ نہیں ہوئی گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا حقیقت یہ ہے کہ حکومت نے ایک منشور دیا تھا کہ وہ بند ہونے والی ملوں کو دوبارہ چلوائیں گے ۔ ایکسپورٹ انڈسٹری کیلئے جو فیصلے ہوئے ہیں ان میں پورے پاکستان میں گیس کی ایک قیمت کردی ہے پہلے بھی گیس کی قیمت 600روپے تھی وہ ایک ہی کردی ہے ۔پورے پاکستان کیلئے اب قیمت ایک کردی گئی ہے اورانڈسٹری کیلئے قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔عمران نے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کردیا۔ تجزیہ کارعارف نظامی نے کہا کہ اصل بات یہی ہے کہ ایسے دعوے نہ کئے جائیں جو پورے نہ ہوسکیں۔ جہاں تک ججوں کے ریمارکس کا تعلق ہے اس سے تو لگتاہے کہ نوازشریف رہا ہوجائیں گے ، ان کی سزائیں ختم نہیں ہونگی ،اگلے ریفرنسز میں انہیں پھر سزا ہوجائے گی۔ اگر مریم نواز رہا ہوجاتی ہیں توان کا سیاست میں بڑا رول ہوگا۔میرا اندازہ یہ ہے کہ اس بار جیل سے باہرآنے والا نوازشریف جی ٹی روڈ والا نہیں ہوگا اور مختلف ہوگا اورشہبازشریف والی لائن پر چلے گا ۔