لاہور(وقائع نگار)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے ہمیں میڈیا کے مسائل کا اچھی طرح احساس اور ادراک ہے ۔وزیراعلیٰ اور وزیر اعظم سے اس بارے بات کروں گا۔پچھلی حکومت نے مسائل پیدا کئے مگر ہم اپنے حصے کی شمع جلائیں گے ۔ہماری طرف سے اہل صحافت کو ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آئے گا۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحافیوں کے مسائل کے حل کی راہ نکلے گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت صمصام بخاری نے اے پی این ایس کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں اے پی این ایس کے عہدیداروں اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔شرکاء سے اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل سید سرمد علی، ممتاز طاہر، جمیل اطہر اور مجیب الرحمن شامی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ صحافیوں کی بہت سی شکایات سے انہیں اتفاق ہے اور وہ انہیں جائز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے جو جوائنٹ کمیٹی بنے گی وہ محض نشستند، گفتند، برخواستند پر یقین نہیں رکھے گی۔ ہم عملی کام کر کے دکھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر کام شروع ہو گیا ہے جس سے اہل صحافت کے مسائل کی حل کی راہ نکلے گی۔صوبائی وزیرنے کہا کہ سیکرٹری اطلاعات کے مشورے سے صحافیوں کے مسائل کے حل کا لائحہ عمل جلد ان کے سامنے پیش کروں گا۔