لاہور(جنرل رپورٹر) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر محمد طیب نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے اعلان کر دہ تنخواہوں میں اضافہ شامل کر دیا گیا ہے اور لاہور جنرل ہسپتال کے تمام ملازمین کو یہ تنخواہ اس ا ضافے کے ساتھ ملے گی جس میں بڑھایا گیا ہاؤس رینٹ اور دیگر الاؤنسز بھی شامل ہوں گے اور یکم اگست کو ملنے والی جولائی کے مہینے کی تنخواہ میں یہ تمام اضافے موجود ہوں گے ۔ پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دیگر میڈیکل سٹاف کو اب اپنی ذمہ داریاں مزید تندہی اور لگن کے ساتھ ادا کرنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کر کے مثبت قدم اٹھا یا ہے جس کا جواب اسی انداز میں دینے کی ضرورت ہے ۔ پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے کے اپنے تقاضے ہیں اور یہ انسانی خدمت کے لازوال جذ بے کا متقاضی ہے جس کیلئے ڈاکٹروں ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو آگے بڑھ کر قومی جذبے کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ پرنسپل نے سٹاف سے اپیل کی کہ وہ انسانی خدمت کیلئے کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر آگے بڑھیں اور ہسپتال میں آنے والے مریضوں کی بلا تفریق خدمت کو اپنا شعار بنائیں ۔پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ وہ میڈیکل کالج و جنرل ہسپتال کے معیار میں مزید اضافے کاہدف حاصل کرنے کیلئے ٹیم ورک کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور اس ضمن میں ہر طرح کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اوپن ڈور پالیسی پر یقین رکھتے ہیں اور ان کے دروازے سب کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں ۔