منیلا(ویب ڈیسک) فلپائن کے ایک نوجوان مگوئی گیبریل نے اپنی حالیہ فیس بُک پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے صرف ویڈیو گیم کھیل کر ایک مہینے میں اپنا وزن 20 پونڈ کم کرلیا ہے البتہ یہ کوئی عام ویڈیو گیم نہیں بلکہ مشہور کمپنی ’’نائنٹینڈو‘‘ کا بنایا ہوا ’’رنگ فٹ ایڈوینچر ‘‘ ہے جو روایتی ویڈیو گیمز سے ہٹ کر ہے ۔اگر آپ کو اس کمپنی کا نام یاد نہیں آرہا تو بتاتے چلیں کہ ’’ماریو برادرز‘‘ اور ’’سپر ماریو‘‘ جیسے مشہور گیمز اسی کمپنی نے بنائے تھے جو آج تک مقبول ہیں لیکن اس کمپنی کا نیا ویڈیو گیم ’’رِنگ فِٹ ایڈوینچر‘‘ سابقہ روایات سے بالکل مختلف ہے کیونکہ اسے کرسی یا صوفے پر بیٹھ کر کھیلا نہیں جاسکتا بلکہ کھلاڑی کو گیم کھیلتے دوران کھڑے رہنا پڑتا ہے جبکہ ورزشی انداز میں اچھل کود اور حرکت کرنی پڑتی ہے اور اس وجہ سے اب موٹے لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔گیم کھیلنے کے دوران اسی جسمانی حرکت کے نتیجے میں وزن بتدریج کم ہونے لگتا ہے اور یہ گیم مسلسل کھیل کر آپ بھی فٹ اور سمارٹ رہ سکتے ہیں۔ کمپنی نے ویڈیو گیمز پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کو مدنظر رکھتے ہوئے خاص طور پر یہ گیم ڈیزائن کیا ہے جو ’’کھیل کھیل میں‘‘ لوگوں کو صحت مند بھی بناتا ہے ۔ یہی بات اس گیم پر تبصروں میں بھی کہی جاچکی ہے ۔ پاکستان میں ’’نائنٹینڈو فٹ رنگ ایڈوینچر‘‘ کی قیمت 22 ہزار روپے ہے ، جو بیشتر آن لائن سٹورز سے دستیاب ہے ۔