مکرمی! احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد نقد امداد لینے والوں کی چھانٹی کی اور غیرمستحق لوگوں کو نکال باہر کیا جو قابل تحسین ہے۔ تاہم کچھ توجہ طلب امور بھی ہیں جس میں سب سے پہلا یہ کہ پاسپورٹ کے حامل افراد کو امداد کیلئے نااہل قرار دیا گیا ہے مگر ایسے افراد کی کچھ اقسام درج ذیل ہیں جو کہ پاسپورٹ رکھنے کے باوجود مستحق ہوسکتے ہیں۔ ایسے افراد جنہوں نے زندگی بھر پائی پائی جوڑ کر یا کسی سے مدد لے کر عمرہ یا مقدس مقامات کی زیارات کیلئے بیرون ملک سفر کیا ہو۔ ایسے نوجوان جنہوں نے روزگار کیلئے بیرون ملک جانے کے ارادے سے پاسپورٹ بنوایا ہو مگر جا نہ سکے ہوں۔ ایسے افراد جنہوں نے اچھے وقت کی امید پر عمرہ و زیارات پر جانے کی نیت سے پاسپورٹ بنوایا ہو مگر مالی وسائل کی عدم دستیابی کے سبب بیرون ملک سفر نہ کرسکے ہوں۔ مذکورہ بالا تینوں اقسام کو صرف پاسپورٹ کا حامل ہونے سے مالی امداد سے محروم کرنا ناانصافی میں شمار ہوتا ہے لہٰذا حکومت مندرجہ بالا گزارشات پر عملدرآمد کر کے احساس پروگرام کو بہتر بنایا جائے۔ ( اویس حیدر، جھنگ)