لاہور (نمائندہ خصوصی سے ؍کورٹ رپورٹر ؍نامہ نگار خصوصی؍ صباح نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں احتسابعدالت نے شہباز شریف کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔منگل کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ،احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر نیب کی جانب سے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی ۔سماعت کے دوران وکیل امجد پرویز کی جگہ شہباز شریف نے خود دلائل دیئے ۔شہباز شریف نے اپنے ادوار میں ترقیاتی کاموں کا کتابچہ عدالت میں پیش کیا۔ شہباز شریف نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں کوئی قانونی دلائل نہیں دوں گا، جتنا عدالت نے ریمانڈ دینا ہے ، دے دے ۔ بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے تھوڑی دیر بعد سناتے ہوئے نیب کی استدعا کو منظور کرلیا۔دوسری جانب احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس کیس میں شہبازشریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔عدالت نے نصرت شہباز اور رابعہ عمران کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔عدالت نے شہباز شریف کی دوسری صاحبزادی جویریہ علی کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی جبکہ بیٹے سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری پر رپورٹ طلب کر لی۔حمزہ شہباز کو کورونا کے باعث پیش نہیں کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنائاللہ خان نے کہا ہے کہ جس دن تمام ادارے آئین پر عمل کریں گے ، حالات بہتر ہو جائیں گے ۔ترجمان مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب نے کہا شہباز شریف کا قصور بس اتنا ہے کہ انہوں نے ش نہیں بنائی۔ اسلام آباد(خبر نگار خصوصی؍ نیٹ نیوز) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے تنظیمی ڈھانچے کو مکمل کرنے کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی کی منظوری دی جبکہ پہلا جلسہ 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں کرنے کا اعلان کردیا۔پی ڈی ایم کے اجلاس میں مسلم لیگ ( ن) کے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، ایازصادق اور خواجہ سعدرفیق جبکہ پیپلزپارٹی کے پرویزاشرف، نیئر بخاری اور شیری رحمان،جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عبدالغفورحیدری ، اکرم درانی ، شاہ اویس نورانی، میاں افتخار، عثمان کاکڑ، جہانزیب جمالدینی اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئرنائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہاپی ڈی ایم ملک میں جمہوریت کی بحالی، عوام کی تکالیف دور کرنے کے مقصد پر بنی ہے اور اسی پر تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کی منظوری دی گئی جو تحریک کو آگے بڑھانے کے لئے کردار ادا کرے گی اور اس کا پہلا اجلاس بھی ہوا۔انہوں نے کہا طے ہوا ہے کہ 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا پہلا تاریخی جلسہ ہوگا، جس کے بعد پورے پاکستان میں تحریک کا آغاز ہوجائے گا اور تحریک بڑھتی جائے گی اورپاکستان کو اس غیر جمہوری عمل سے نجات دلا کر کامیاب ہوگی۔مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر نے کہا 5 اکتوبر کو سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوگا جس میں اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما عبدالغفورحیدری نے کہا کہ ہماری جنگ اداروں سے نہیں، یہ سیاسی جنگ ہے ۔