لاہور،،اسلام آباد،کراچی (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار،سٹاف رپورٹر،این این آئی،آن لائن) شاہد خاقان عباسی کے حکم پر ایل این جی ٹینڈر جاری کیا،ملزم نے نیب میں بیان ریکارڈ کرادیا ۔ وزارت پٹرولیم کے ذیلی ادارہ آئی ایس جی ایس کے سربراہ مبین صولت نے ایل این جی کرپشن سکینڈل میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے اور کرپشن اور ایل این جی ٹینڈرز کی ذمہ داری سیکرٹری پٹرولیم پر عائد کر تے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے حکم پر ایل این جی ٹینڈر جاری کیا۔اپنے تحریری بیان میں مبین صولت نے شاہد خاقان عباسی پر الزام عائد کیا کہ ان کے حکم کے عین مطابق (OED)نامی کنسلنٹنٹ کمپنی کی سروس حاصل کئی گئی تھی اور ٹینڈر دستاویزات کو حتمی شکل دینے کیلئے سوئی سدرن کے ساتھ تعاون کرنے کا حکم دیا گیا تھا ۔ دریں اثنا احتساب عدالت کراچی نے سراج درانی کیخلاف آمدنی سے زائد اثاثے ریفرنس میں 11 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے ۔ ریفرنس کی مزید سماعت 19 نومبر تک ملتوی کردی ۔ لاہور احتساب عدالت نے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19 نومبر تک توسیع کر دی۔ ڈی پی او آفس ساہیوال 360 ملین کرپشن سکینڈل کیس کی سماعت پر احتساب عدالت لاہور نے جسمانی ریمانڈکی درخواست مسترد کرکے ملزم عارف حسین کو جوڈیشل کر دیا۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے ملزم خرم رسول کی عدم حاضری پر کیس کی سماعت 14نومبر تک ملتوی کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں صوبائی وزیر سہیل انور سیال کی عبوری ضمانت میں 28 نومبرجبکہ مشیر وزیر اعلیٰ سندھ اعجاز جاکھرانی و دیگر کی درخواست ضمانت میں چار ہفتوں کی توسیع کردی ۔ ادھر نیب نے سی ڈی اے زمین پر قبضہ کرنے والے ٹھیکیدار حیات مندوخیل کو گرفتار کر لیا ہے ۔ سیدپور ماڈل ویلیج کی تعمیر کے بعد ٹھیکیدار نے سرکاری زمین پر قبضہ کیا تھا۔