ملتان(خبر نگار) سلسلہ سہروردیہ کے روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت شاہ رکن الدین عالم سہروردیؒ کے 706 ویں سالانہ عرس کی 3روزہ تقریبات کا ملتان میں آغاز ہو گیا ۔ عرس کے پہلے روز درگاہ کے سجادہ نشین و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا اور چادر پوشی کی۔ اس موقع پر ان کے چھوٹے بھائی مرید حسین قریشی، زین قریشی، معین الدین قریشی بھی موجود تھے ۔ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ عرس میں آنے والے زائرین کو مکمل تلاشی کے بعد اندرجانے کی اجازت دی گئی۔چادر پوشی کے بعدشاہ رکن عالم کانفرنس ہوئی جس میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومیں صرف افواج کی طاقت سے جنگیں نہیں جیت سکتیں، آج ہمیں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار مسلط کی گئی ہے ،پاکستانی قوم کو ذہنی طور پر شکست خوردہ بنانا ہائبرڈ وار کا حصہ ہے ۔ پاکستان کو نیچا دکھانے والے ارادوں کو شکست دیں گے ۔ اللہ کے کرم سے ہم طاقتور قوم ہیں، مالی مشکلات پر بھی قابو پائیں گے ، ہمیں ان آستانوں سے ملک کے دشمنوں کو یکجہتی کا پیغام دینا ہے ۔انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کشمیر، فلسطین، افغانستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی مدد فرمائے ، دعا گو ہوں کہ یہ سال ہماری قوم کی کامیابی کا سال بن جائے اور اللہ تعالی درست فیصلے کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ انہوں نے کہا لائن آف کنٹرول پر جنگ کا سماں ہے ، معصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں۔تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ ہم نے تصوف اور خانقاہی نظام سے راہ عمل کو الگ کر لیاہے ، اگر ہم صوفیا کا طریقہ اپنا لیں تو دنیا و آخرت میں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تصوف صرف باتیں بنانے کا کام نہیں، جب تک عمل نہیں کریں گے صوفیا کرام کے پیغام کو پا نہیں سکیں گے ۔ عرس کی دوسری نشست آج ہو گی جس کی صدارت شاہ محمود قریشی کریں گے ۔ عرس کی کل آخری تقریب میں شاہ محمود قریشی خصوصی دعا کرائیں گے ۔