لاہور(گوہر علی) مسلم لیگ(ن) نے کامیاب حکمت عملی مرتب کرکے حکومت کی قانون سازی کا عمل روک دیا ہے ،مسلم لیگ (ن) کی باربار ریکوزیشن جمع کرانے سے حکومت چار بلز کمیٹیوں سے منظوری کے باوجود پنجاب اسمبلی میں پیش نہیں کرسکی ،حکومت جب ان بلز کو پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کے لئے اجلاس بلانے کا فیصلہ کرتی ہے تو مسلم لیگ (ن) اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن جمع کراتی ہے اور حکومت مسلم لیگ (ن) کی ریکوزیشن پر بلائے گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں یہ بلزایوان میں پیش نہیں کرنا چاہتی۔ مسلم لیگ(ن) کی ریکوزیشن پر بلائے گئے حالیہ اجلاس میں حکومت نہ صرف اپنے بلز ایجنڈے پر نہیں لائی بلکہ نیبر ہڈ کونسلز کے متعلق جاری کردہ آرڈنینس بھی ایوان میں پیش نہ کیا ،ذرائع کے مطابق دی پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی(ترمیمی) بل2019،دی پنجاب ٹیکنکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹرینگ اتھارٹی (ترمیمی) بل2019، دی کمپنیزپرافٹس( ورکرز شراکت)2019 اور دیگر بل پنجاب اسمبلی کی سٹیڈنگ کمیٹیوں سے منظور کئے گئے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ان بلز کے التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے متعلقہ محکموں میں بھی تشویش بڑھ رہی ہے ،متعلقہ محکمے ان بلز کی قانون سازی کے منتظر ہیں کہ یہ بلز منظور ہونے کے ساتھ ہی ان کے رولز بنائے جائیں اور انہیں اچھے انداز میں نافذ کیا جائے ۔