ملتان( سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمو د قریشی نے کہا ہے کہ (ن ) لیگ اور پیپلز پارٹی ساتھ دیں تو جنوبی پنجاب صوبے کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے اور اس خطے کی محرومیاں دور کی جاسکتی ہیں،ہر شعبہ زبوں حالی کا شکار ، جہاں جائیں وہاں کرپشن ہے ،عوام تھانہ کچہری کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، این اے 156 کی یونین کونسل64 کے دورہ کے موقع پر مختلف شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے شاہ محمو د نے کہا کہ وزارت خارجہ میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں، حکومتی وژن کے مطابق بیرون ملک تمام سفارتی مشنز کو ہدایات جاری کی ہیں۔ کفایت شعاری کو اپنائیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کو کم کریں، ان کے مسائل حل کریں ۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار کریں اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کریں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا حیران کن امر یہ ہے ہماری حکومت کو آئے ہوئے ابھی 74 دن گزرے ہیں اور گزشتہ 74 سالو ں کا حساب مانگا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا جس شعبہ میں جائیں وہاں کرپشن کی گئی ہر شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے ۔ عوام تھانہ کچہری کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔ تبدیلی کیلئے عمران خان کا ساتھ دیا ہے ۔ انشاء اﷲ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے ۔ عمران خان کی قیادت میں ایک مضبوط اور سرسبز پاکستان بنائیں گے ۔