فتح جنگ(صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آج جس مقام پر کھڑی ہے ، یہ اس کی اپنی غلطیوں کا نتیجہ ہے ،نوا زشریف کو صرف یہ کہا تھا کہ اداروں سے نہ لڑو۔فتح جنگ روڈ پر انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ اب بھی کہتا ہوں عدلیہ سے محاذ آرائی کے بجائے انصاف مانگا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا نواز شریف سے 35 سال سے تعلق ہے لیکن لوگوں نے نواز شریف کے کان بھرے کہ نثار صحیح مشورے نہیں دے رہا تاہم میری دعا ہے کہ اﷲ نواز شریف کی مشکلات کم کرے ۔سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا چاروں نشستوں پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کروں گا۔چودھری نثار نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی صورتحال تشویش ناک حد تک خراب ہو چکی ہے ، ملک کی سلامتی اور سکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں، 1971ء سے بڑے خطرات دیکھ رہا ہوں ہر کوئی اس وقت وزیراعظم بننا چاہتا ہے ، گھمبیر صورتحال کا قومی و حدت و اتحاد سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے جس کا دور دور تک کوئی امکان نہیں۔