ملتان(سپیشل رپورٹر ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن واضح طور پر دو حصوں میں تقسیم ہوچکی، امیدواران سمجھ چکے کہ شیر کا نشان زحمت ہے اس لیے وہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں، نوازشریف او ر شہباز شریف کے علیحدہ علیحدہ پالیسی بیان پارٹی میں دراڑ کی واضح عکاسی ہے ۔ ملتان میں راجن بخش گیلانی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک کا دینی طبقہ تحریک انصاف کا حامی ہے ، علما کی حمایت سے ہی ہمارے نظریے اور سیاست کو تقویت ملی۔ مسلم لیگ ن کو صفائی پیش کرنے کا موقع ملا جسے انہوں نے ضائع کیا، ملک کی دونوں بڑی جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں یہی وجہ ہے کہ منظور وٹو جیسے سینئر سیاستدان نے بھی پیپلزپارٹی کاٹکٹ نہیں لیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ رانا اقبال سراج کے ایشو پر نواز شریف کا بیان سمجھ سے بالا تر ہے ، نواز شریف اداروں کی بے حرمتی کر رہے ہیں، پاکستان کے رہنماؤں کو ملکی سلامتی کے خلاف باتیں نہیں کرنی چاہیئے ، نواز شریف کا بیانیہ انڈیا کے بیانیہ سے ملتا ہے ۔