لاہور،اسلام آباد ،کراچی (،سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر ) مسلم لیگ (ن) سمیت کئی سیاسی جماعتوں نے عام انتخابات کے نتائج پر نظر رکھنے کیلئے الیکشن سیل ، مانیٹرنگ روم قائم کردئیے ۔ (ن) لیگ کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت ماڈل ٹائون میں اجلاس ہوا جس میں پرویز رشید، مریم اورنگزیب اور دیگر پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔اجلاس میں عام انتخابات کے لیے ماڈل ٹائون میں (ن) لیگ کا مانیٹرنگ روم بنا دیا گیا جس میں ملک بھر میں انتخابی نتائج اور ووٹرز کے مسائل پر نظر رکھی جائے گی۔تحریک انصاف نے پولنگ کے دوران کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری ردعمل کیلئے خصوصی کرائسس مینیجمنٹ سیل قائم کردیا ہے ۔تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید اور افتخار درانی نے عمران خان سے ملاقات کی اور پولنگ ڈے کے حوالے سے مختلف امور پر خصوصی ہدایات حاصل کیں۔ پاک سرزمین پارٹی نے انتخابات اور اس کے نتائج کی نگرانی کیلئے پاکستان ہاؤس میں مرکزی الیکشن مانیٹرنگ سیل قائم کردیا جبکہ مجلس عمل نے جماعت اسلامی کے مرکزمنصورہ میں الیکشن کے لئے کنٹرول روم قائم کردیا جس کے سربراہ ڈاکٹر نذیر جنجوعہ ہونگے ۔